پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ جاری ہے، یہ معاملہ دیکھنا ہوگا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ’جنگیں ختم کرنے میں ماہر‘ ہیں، اور وہ امن کے اقدامات پر نوبل انعام حاصل کرنے کے خواہشمند نہیں ہیں، سنا ہے پاکستان اور افغانستان میں جنگ جاری ہے، یہ معاملہ دیکھنا ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق واشنگٹن میں غزہ اور مشرق وسطیٰ سے متعلق مصر میں ہونے والے ’امن سربراہی اجلاس‘ میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے اس دیرینہ دعوے کو دہرایا کہ ان کے ٹیرف کے خطرات نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو روکنے میں مدد کی، اور کہا کہ ان کی سفارت کاری کا مقصد ایوارڈ جیتنا نہیں بلکہ جانیں بچانا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کی جنگ ختم ہو چکی ہے، اور اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ بندی کو اپنی صدارت کے دوران ’آٹھویں جنگ‘ قرار دیا جو انہوں نے ختم کرائی، امریکی صدر نے کہا کہ ان کا اسرائیل اور مصر کا دورہ — جو جنگ بندی کے بعد پہلا دورہ ہو گا، جنگ بندی کو مضبوط بنانے، غزہ کی تعمیر نو کو آگے بڑھانے اور خطے میں امن کی کوششوں کو تقویت دینے پر مرکوز ہوگا۔



