پاکستان

کوئٹہ: بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کا خودکش حملہ، 10 افراد جاں بحق، 6 دہشتگرد بھی مارے گئے

کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے، واقعے میں خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت میں واقع حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔

خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جہاں 5 زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق ’دھماکا اس وقت ہوا جب بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی ماڈل ٹاؤن سے حالی روڈ کی طرف فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب مڑی‘۔

ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا کی فوٹیج میں وہ لمحہ قید ہوگیا جب زوردار دھماکے نے سڑک کو ہلا کر رکھ دیا۔

جواب دیں

Back to top button