امریکا، پاکستان میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے بہتر تعلقات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امن چاہتے ہیں اور انہوں نے پاک-بھارت جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وزیر اعظم نے نیوجرسی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ امریکا، پاکستان میں آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں فوری سرمایہ کاری کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمت کا مناسب تعین ہوگا، پاک-امریکا تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے۔
ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں جیسا استقبال کیا گیا، ویسا 40 سال میں کبھی نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج نے دانشمندی کے ساتھ بھارت کو شکست دی، 10 مئی کو امریکی وزیر خارجہ نے جنگ بندی کا بھارتی پیغام پہنچایا تھا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ملکی حالات چند سال پہلے مشکلات کا شکار تھے، لیکن اب مہنگائی ڈیڑھ سال میں کم ہوکر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات نے ایک اور اہم سنگِ میل اس وقت عبور کرلیا تھا، جب وائٹ ہاؤس میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان خوشگوار ملاقات نے دنیا کی توجہ سمیٹ لی تھی۔
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہبازشریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرجوش خیر مقدم کیا تھا، وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کے دوستانہ ماحول میں ہونے والی بیٹھک ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی تھی، اس ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے تعاون پر گفتگو کی گئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا، وزیراعظم نے پاک-امریکا تجارتی معاہدے پر صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی تھی۔