بولی وڈ اداکارہ نے دوستی کی خاطر چلتی ٹرین سے چھلانگ لگالی

معروف بھارتی اداکارہ کرشمہ شرما نے دوستوں کی خاطر چلتی ہوئی تیز رفتار ٹرین سے چھلانگ لگالی، جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ شادیز‘ کے مطابق کرشمہ شرما نے ممبئی میں چلتی ہوئی لوکل ٹرین سے چھلانگ لگائی، جس وجہ سے انہیں سخت زخم بھی رسے لیکن اب وہ صحت یاب ہو رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کچھ دن قبل یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کرشمہ شرما ممبئی کے علاقے چرچ گیٹ میں شوٹنگ کے لیے جا رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے دوست ٹرین میں سوار نہ ہو سکے تو انہوں نے دوستی کی خاطر چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی، اس دوران ان کے سر، کمر اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔
اداکارہ کے کودنے کے بعد انہیں ہنگامی بنیادوں پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا ایم آر آئی اسکین بھی کیا، انہیں زیادہ سنگین چوٹیں نہیں لگیں اور اب وہ بہتر ہو رہی ہیں، انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے فلمی انداز میں چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے پر ان کے اداکار دوست بھی حیران رہ گئے جب کہ مداح بھی پریشان ہوگئے اور انہوں نے اداکارہ کے لیے لکھا کہ انہیں سمجھنا چاہیے تھا کہ وہ کسی فلم کی شوٹنگ نہیں کر رہیں۔
کرشمہ شرما متعدد ٹی وی ڈراموں سے لے کر فلموں اور ویب سیریز تک مختلف کردار ادا کر چکی ہیں۔
ڈراموں، ہارر اور بولڈ فلمی کرداروں میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے انہوں نے شائقین میں پذیرائی حاصل کی، انہوں نے بولی وڈ فلموں میں معاون کرداروں سے لے کر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی ویب سیریز پر اہم کردار بھی ادا کیے ہیں۔