کاروبار

ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت، انسولین سمیت 79 اہم ادویات غائب

ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت، انسولین سمیت 79 اہم ادویات دستیاب نہیں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ یہ بحران لاکھوں مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک بھر میں جان بچانے والی اور ضروری ادویات کی غیر معمولی اور شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ بحران لاکھوں مریضوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق کم از کم 80 اہم ادویات دستیاب نہیں ہیں، جن میں سے 25 کی کوئی متبادل دوا بھی موجود نہیں، ان میں ذیابیطس، کینسر، الزائمر، پارکنسن، امراضِ قلب اور نفسیاتی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی جان بچانے والی ادویات شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہم حکومت سے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ اس تباہ کن صورتحال پر قابو پایا جا سکے، ادویات کی قلت کوئی معمولی مسئلہ نہیں بلکہ دائمی اور سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے جان لیوا خطرہ ہے۔

ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ مریض شدید پیچیدگیوں کا شکار ہیں اور ان کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے۔

مثال کے طور پر، طویل اثر رکھنے والی انسولین کے انجیکشن کی عدم دستیابی ذیابیطس کے مریضوں میں خون میں شوگر پر قابو نہ پانے کا باعث بن رہی ہے، جس سے گردوں کے فیل ہونے، بینائی کے نقصان اور اعضا کٹنے کے خطرات بڑھ رہے ہیں، اسی طرح پیوند کاری کے مریض ایک اہم اینٹی فنگل دوا کی کمی کے باعث خطرناک فنگس انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button