پنجاب میں بدترین سیلاب، شوبز شخصیات کا حکومت سے طویل المدتی حل کا مطالبہ

شوبز شخصیات نے پنجاب میں بدترین سیلاب پر حکومت سے فوری اور طویل المدتی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
صوبہ پنجاب ایسے سیلاب کا سامنا کر رہا ہے جسے حکام گزشتہ چار دہائیوں کا بدترین قرار دے رہے ہیں، جس سے 14 لاکھ 60 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، کیونکہ موسلادھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی نے صوبے بھر میں تباہی مچادی ہے۔
رواں ہفتے لاہور میں دریائے راوی کے سیلاب سے کئی علاقے زیر آب آگئے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
حالیہ تباہی نے بھارت کے بحران میں کردار پر دوبارہ بحث کو بھی جنم دیا ہے، پاکستانی حکام بشمول وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر مناسب ہم آہنگی کے اپنے بندوں سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑ رہا ہے اور پانی کو سیاسی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسی افسوسناک صورتحال پر شوبز شخصیات بھی موجودہ نظام پر اپنی مایوسی کا اظہار کر رہی ہیں اور طویل المدتی حل کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
ماورا حسین نے پوسٹ میں لکھا کہ اپنے اردگرد کے لوگوں کا خیال رکھیں، زندگی اتنی ہی خوبصورت اور معنی خیز ہے جتنا آپ اسے بناتے ہیں اور اب ہم سب کو اندازہ ہے کہ زندگی اچانک بھی ساتھ چھوڑ سکتی ہے۔
انوشے اشرف نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ہماری قیادت کو وعدوں اور تقریروں سے آگے بڑھ کر اقدام کرنا ہوگا، قدرت کسی کا انتظار نہیں کرتی۔
احسن محسن اکرام نے لکھا کہ اس مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ چھوٹے اور بڑے ڈیمز بنائے جائیں، اور دریا کے کنارے تمام تجاوزات کو ہٹایا جائے کیونکہ غیر قانونی طور پر آبادیاں کنٹرولڈ سیلاب میں لوگوں کے ہلاک ہونے کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ہیں۔