محبت کی مثال، شوہر نے 18 ٹن کچرے سے بیوی کی انگوٹھیاں ڈھونڈ نکالیں

کینیڈین شہری نے محبت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی بیوی کی شادی کی انگوٹھیاں ڈھونڈنے کے لیے 18 ٹن کچرے کے ڈھیر کا بھی صفایہ کردیا۔
نشریاتی ادارے ’سی ٹی وی نیوز‘ کے مطابق برٹش کولمبیا کے رہائشی اسٹیو وین ایسلڈیک کی بیوی جینائن کا گھر کے باہر باغیچے میں پاپ کارن گر گیا تھا، جس میں خاتون کی انگوٹھیاں بھی بے خبری میں گر گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جوڑے کو ابتدائی طور پر انگوٹھیاں گرنے کا احساس نہ ہوا اور وہ وہاں سے چلے گئے لیکن بعد میں انہیں انگوٹھیاں پاپ کارن کے ساتھ گرنے کا احساس ہوا تو وہ واپس لوٹے۔
جب جوڑا انگوٹھیوں کے لیے واپس لوٹا، تب تک باغیچے کے کچرے کو مقامی ڈمپ میں پھینکا جا چکا تھا، جس پر خاتون کے شوہر نے کچرے کے ڈھیر سے بھی انگوٹھیاں تلاش کرنے کا عزم کیا۔
اسٹیو وین نے ہمت نہ ہاری اور انہوں نے دستانے پہن کر بارش میں بیلچے سمیت دیگر آلات کی مدد سے کچرے سے انگوٹھیاں تلاش کرنا شروع کیں۔
شوہر نے تقریبا 18 ٹن کچرے کو صاف کرنے کے بعد اس میں سے بیوی کی شادی کی یادگار انگوٹھیاں ڈھونڈ نکالیں، جس پر ان کی بیوی بھی خوش ہوئیں۔
اسٹیو وین نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیوی کو یقین نہیں تھا، انہوں نے بیوی کو کہا کہ وہ کل صبح انگوٹھیاں تلاش کریں گے، جس پر ان کی بیوی نے انہیں اجازت نہ دی لیکن انہوں نے بیوی کی بات نہ سنی اور کچرے سے انگوٹھیاں ڈھونڈ نکالیں۔
مقامی ملازمین نے بھی انگوٹھیاں تلاش کرنے میں ان کی مدد کی، اسٹیو وین نے اپنے پھینکے گئے پاپ کارن کے ڈبے تلاش کیے، جس کے بعد انہوں نے دونوں انگوٹھیاں ایک گھنٹے کے اندر ڈھونڈ نکالیں۔
اپنی شادی کی انگوٹھیاں تلاش کرنے کے لیے خاتون نے میٹل ڈیٹیکٹر خریدنے کا بھی فیصلہ کرلیا تھا لیکن شوہر نے جب انہیں فون ر خوشخبری سنائی تو وہ آبدیدہ ہو گئیں۔
شوہر کی جانب سے انگوٹھیاں تلاش کرنے کے بعد جینائن نے کہا کہ واقعے نے ان کی شادی کو مزید مضبوط کریا، وہ جان چکی ہیں کہ شوہر ان سے کتنا پیار کرتے ہیں، وہ بدبودار کچرے کے ڈھیر میں بھی ان کے لیے جانے کو تیار رہے۔