
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کی بندش کے بعد ملازمین اور وینڈرز کو بقایاجات کی مد میں 27 ارب روپے کی ادائیگی 2 مراحل میں یقینی بنائے گی۔
ڈاکٹر محمد فاروق ستار کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کو بتایا گیا کہ یو ایس سی کی بندش کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تاہم تقریباً 11 ہزار کارکنوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کمیٹی نے ملازمین اور وینڈرز کو واجب الادا بقایاجات کی تفصیل طلب کی، جو نجکاری کمیشن کو آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ جب تک سبسڈیز فراہم کی جاتی رہیں، یو ایس سی منافع بخش رہی، لیکن ان سبسڈیز کے خاتمے کے بعد اسے آپریشنل خسارے کا سامنا کرنا پڑا، اراکین کمیٹی نے یو ایس سی کی نجکاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کے باوجود بندش کے عمل کو جاری رکھنا نہایت تشویش ناک ہے۔