پاکستان

خیبرپختونخوا : بارش، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ سے اموات کی تعداد 406 ہوگئی

خیبر پختونخوا میں بارشوں سے مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 406 تک پہنچ گئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد 15 اگست سے صوبے میں بارشوں سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 406 تک پہنچ گئی ہے۔

15 اگست سے شروع ہونے والی ریکارڈ بارشوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا رکھی ہے، طوفانی بارشوں سے گھروں کو نقصان پہنچنے، لوگوں کے بے گھر ہونے اور اور بونیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں تباہی کے بعد گذشتہ ہفتے صوبائی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

جمعرات کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں 22 سے 26 اگست تک صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے ترجمان کے مطابق ’ گزشتہ رات طوفانی بارشوں نے آٹھ افراد کی جان لے لی’ ، جبکہ چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 48 افراد زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق ’ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں سے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جبکہ درختوں، دیواروں اور سولر پینلز کے گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔’

ترجمان نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ’ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں’ اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا۔

ریسکیو ٹیمیں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان کے ملبے کو صاف کرنے میں بھی مصروف ہیں۔

ضلع ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ نے کہا، ’ ہماری اولین ترجیح شہریوں کا تحفظ ہے اور ہم ریسکیو آپریشن میں ہر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔’

جواب دیں

Back to top button