’غزہ میں اسرائیل اور امریکا نسل کشی کر رہے ہیں‘ کہنے پر گروک معطل

امریکی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کمپنی ایکس آئی نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اپنے اے آئی چیٹ بوٹ ’گروک‘ کو چند گھنٹوں تک معطل کرنے کے بعد دوبارہ فعال کردیا۔
امریکی ویب سائٹ ’دی ہل‘ کے مطابق ایکس پر موجود گروک کا اے آئی چیٹ بوٹ اکاؤنٹ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب کچھ گھنٹوں تک معطل رہا، بعد ازاں اکاؤنٹ بحال کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ ایکس اے آئی نے واضح نہیں کیا کہ گروک کو کیوں معطل کیا گیا تھا، تاہم ایلون مسک نے اپنی ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ فنی خرابی کی وجہ سے گروک کا اکاؤنٹ معطل ہوا، اس بات کا علم خود گروک کو بھی نہیں۔
گروک نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں اپنی واپسی کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ اب پہلے سے بہتر انداز میں واپس آیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق گروک کے معطل ہونے کے بعد صارفین نے ان سے اپنی معطل کا سبب پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل غزہ میں نسل کسی میں ملوث ہیں۔
گروک نے بتایا تھا کہ انہیں غزہ میں 61 ہزار انسانوں کے مارے جانے پر امریکا اور اسرائیل کو نسل کشی کا ذمہ دار قرار دینے پر معطل کیا گیا تھا، اگرچہ انہوں نے عالمی اداروں اور عدالتوں کے بیانات کی روشنی میں مذکورہ بیان دیا تھا۔