زیارات کیلئے بذریعہ سڑک جانے پر پابندی مسترد، ایم ڈبلیو ایم کا زائرین کے ہمراہ ریمدان بارڈر جانے کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین ( ایم ڈبلیو ایم ) نے زیارات کے لیے زمینی راستے سے جانے پر حکومتی پابندی کو مسترد کرتے ہوئے زائرین کے ہمراہ ریمدان بارڈر کی جانب روانہ ہونے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجا ناصر عباس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کربلا زیارات پر جانا ہمارے ایمان کاحصہ ہے، ہم اپنے عقیدتی فریضے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین کا مکمل ڈیٹا موجود ہے، حکومت نے ایران میں زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹنگ کی تھی اور زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ زائرین کے زمینی راستے سے جانے پر پابندی سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، حکومت کو زائرین کے زیارات پر جانے سے معاشی فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فضائی سفر کرنے پر خطیر ٹیکس لے رہی ہے۔
علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ہم زیارات پر ہر قسم کی رکاوٹ اور پابندی کو مسترد کرتے ہیں، اور زائرین کے ہمراہ ریمدان بارڈرکی جانب روانہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج سیاسی مفاد نہیں بلکہ مذہبی اور آئینی حق کے تحفظ کے لیے ہے۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ حکومت مسائل کےحل کے لیے سنجیدہ ہے تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔