دیگر ممالک کی شہریت لینے پر پاکستان کی شہریت ختم نہ ہونے سے متعلق بل بھی ایوان میں پیش

قومی اسمبلی نے فوجداری قوانین میں 2 ترامیم کی منظوری دے دی جن کے تحت خاتون کے کپڑے پھاڑنے اور ہائی جیکر سے ملاقات یا تعلقات پر سزائے موت ختم کردی گئی ہے، وزیر قانون اعظم تارڑ کہتے ہیں خاتون کے کپڑے پھاڑنے کی شق کا ہمیشہ غلط استعمال ہوا، دیگر ممالک کی شہریت لینے پر پاکستان کی شہریت ختم نہ ہونے سے متعلق بل بھی ایوان میں پیش کر دیا گیا، ایوان نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم تارڑ نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 ایوان میں پیش کیا۔
وزیر قانون اعظم تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ بل کے تحت فوجداری قوانین میں دو ترامیم لائی جا رہی ہیں، پہلی ترمیم شق 354 اے سے متعلق ہے، یہ شق خاتون کے کپڑے پھاڑنے کی سزا کا احاطہ کرتی ہے، سابق صدر ضیاالحق کے دور میں خاتون کے کپڑے پھاڑنے پر سزا ئے موت متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اس شق کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ354 کو 354اے میں بدلنے پر تھانوں میں رشوت چلتی ہے، ترمیم کے تحت اس جرم پر سزائے موت ختم کر کے سزا کم کی جا رہی ہے۔
وزیر قانون نے بتایا کہ دوسری ترمیم سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں لائی گئی شق 402 سی سے متعلق ہے، یہ شق ہائی جیکنگ کے ملزم کی کسی دوسرے شخص سے ملاقات یا تعلقات پر اس شخص کو بھی سزائے موت دینے کی سزا تجویز کرتی ہے، ترمیمی بل کے تحت ہائی جیکنگ کے ملزم سے ملاقات یا تعلقات پر سزائے موت ختم کی جا رہی ہے۔
ترمیمی بل پر جے یو آئی کی رکن عالیہ کامران نے مخالفت کی جس پر ایوان میں رائے شماری کرائی گئی، رائے شماری پر ایوان نے کثرت رائے سے بل منظور کر لیا ہے۔
قومی اسملبی میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 میں پیش کیا، جسے مزید کارروائی کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بتایا کہ اوورسیز پاکستنانیوں کو شہریت کا حق واپس دلانے کی قانون سازی کر رہے ہیں، کسی دوسرے ملک کی شہریت لینے پر اب پاکستان کی شہریت نہیں چھوڑنی پڑے گی۔
ایوان میں مخبر کے تحفظ کے لیے نگران کمیشن کا بل 2025، پاکستان کوسٹ گارڈ ترمیمی بل 2025، موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیولپمنٹ بل 2025، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2025 اور سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 ترمیمی بل 2025بھی پیش کیے گئے۔
دریں اثنا، اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن شازیہ مری نے ایوان میں غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پیش کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری بربریت اور اشتعال انگیز اعلانات کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کو روکنا تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان عالمی برادری سے تمام فوری اور مناسب اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتا ہے اور انصاف اور حق خود ارادیت کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتاہے، قرارداد میں غزہ کے بہادر اور جرات مند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔