اخراجات میں کمی کے دعوؤں کے باوجود حکومتی امور چلانے پر 892 ارب کا خرچہ

اخراجات میں کمی کے دعوؤں اور کفایت شعاری اقدامات کے باوجود وفاقی حکومت کے امور چلانے کا خرچہ تقریباً 14 فیصد بڑھ گیا، اخراجات حکومتی ہدف اور نظرثانی تخمینے سے بھی بڑھ گئے۔
وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے روزمرہ آپریشنل اخراجات، تنخواہوں اور انتظامی امور سمیت دیگر خرچوں پر مشتمل وفاقی حکومت کے اخراجات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزارت خزانہ کی دستاویزات کے مطابق مالی سال 25-2024 کے دوران حکومتی امور چلانے پر 892 ارب روپے خرچ ہوئے، جب کہ حکومتی امور کو چلانے کے اخراجات کا ہدف 839 ارب روپے مقرر تھا اور نظرثانی تخمینہ 886 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 24-2023 میں حکومتی امور چلانے پر 784 ارب روپے، مالی سال 23-2022 میں 634 ارب اورمالی سال 22-2021 میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات 547 ارب روپے تھے۔
وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے شروع ہونے والے رواں مالی سال 26-2025 کے دوران حکومتی امور چلانے کے اخراجات میں مزید اضافے کا تخمینہ لگایا ہے اور جاری مالی سال میں حکومتی امور چلانے کے اخراجات کا ہدف 971 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔