
پشاور کے نواحی علاقے ورسک روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس انسپکٹر علی حسین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پشاور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز مسعود احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ انسپکٹر علی حسین گزشتہ شب اپنے دو دوستوں کے ہمراہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی کے مطابق، حملے میں پستول اور سب مشین گن (ایس ایم جی) کا استعمال کیا گیا، انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور جیو فینسنگ پر کام کیا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات مسعود کنڈی نے واقعے کو افسوسناک اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، گورنر نے پولیس انسپکٹر سمیت جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، واقعہ انتہائی افسوسناک اور انسانیت دشمن اقدام ہے۔