بین الاقوامیپاکستان

ایران کا پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار

ایران نے اتوار کے روز پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ علاقائی رابطوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

پاکستان اور ایران نے اپنی زمینی اور ریلوے رابطہ جات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ وعدے اُس وقت کیے گئے جب ایرانی وزیر برائے شاہرات اور شہری ترقی، فرزانہ صادق (جو ایرانی صدر کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں) نے ایک مشترکہ اجلاس میں شرکت کی، اس اجلاس میں وفاقی وزرا عبدالعلیم خان، جام کمال خان اور حنیف عباسی بھی شریک تھے۔

ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق بات چیت کا محور دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ اور دو طرفہ تعلقات کو نقل و حمل، رابطہ کاری نیٹ ورک اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر مزید مضبوط کرنا تھا۔

اجلاس کے دوران ایران نے پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شامل ہونے کی دلچسپی ظاہر کی اور گوادر-چاہ بہار راستے کے ذریعے سمندری تجارت کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے علیم خان نے اسرائیل کے خلاف ایران کے مضبوط مؤقف پر ایرانی وزیر کو مبارکباد دی، اور اسے پوری مسلم دنیا کے لیے فخر اور یکجہتی کی بات قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور حالیہ علاقائی پیش رفت نے دونوں اقوام کو مزید قریب کر دیا ہے۔

علیم خان نے ایرانی وزیر کو 23 اور 24 اکتوبر کو پاکستان میں ہونے والی وزارتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دلی قدردانی کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔

انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان چلنے والی گاڑیوں کی تعداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور موجودہ کوئٹہ-زاہدان راستے کو جدید بنانے کی تجویز پیش کی۔

پاکستانی فریق نے دونوں ممالک کے مابین طے شدہ اقدامات پر عمل درآمد کی رفتار بڑھانے کے لیے دو طرفہ ورکنگ گروپس کی تشکیل کی تجویز دی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ایرانی وفد کو تجارتی حجم بڑھانے کے مواقع سے آگاہ کیا اور مختلف شعبوں میں موجود بڑی غیر استعمال شدہ صلاحیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے مؤثر منڈیاں بن سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے اسلام آباد-تہران-استنبول ریلوے منصوبے پر نظرثانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کوئٹہ-زاہدان ریلوے لائن کو اپ گریڈ اور وسعت دی جائے گی تاکہ علاقائی روابط کو بہتر بنایا جا سکے۔

ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے پاکستانی وزرا کا شکریہ ادا کیا اور اپنے ملک کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کو نہایت خوشگوار اور یادگار قرار دیا۔

جواب دیں

Back to top button