دیامر میں 6 سیاح جاں بحق، راولپنڈی سے ریٹائر کرنل کی لاش مل گئی

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید سیلاب کے باعث کم از کم 6 سیاح جاں بحق ہو گئے، جب کہ راولپنڈی میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل کی لاش مل گئی، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش جاری ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات گلگت بلتستان میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، جہاں بادل پھٹنے سے ہونے والے سیلاب نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے، پیر کو 4 افراد کے جاں بحق ہونے اور 15 کے لاپتہ ہونے کے بعد منگل کو سیلاب سے اموات کی تعداد 5 ہو گئی تھی۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بابوسر ویلی سے ایک اور لاش برآمد کی ہے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے، بابوسر میں باقی سیاحوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق، گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے مختلف علاقوں میں سیلاب آیا، کندوس گاؤں میں آنے والے فلیش فلڈز نے درجنوں مکانات، ایک ڈسپنسری، مساجد، زرعی زمین اور فصلوں کو نقصان پہنچایا۔