پاکستان
9 مئی کیسز: سزائیں قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز میں سزائیں قانونی تقاضوں کو پورا کیے بغیر دی گئیں، جس سے عوام کا عدالتوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان میں متنازع فیصلوں کی کمی نہیں ہے، عدلیہ کے متنازع فیصلوں میں ایک اور کا اضافہ ہوا ہے، آج کے فیصلوں سے ظاہر ہوا کہ عدالتیں ناکام ہوگئی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ایک کیس میں مختلف جگہوں پرٹرائل نہیں ہوسکتا، اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد بھچر اور 3 پی ٹی آئی اراکین کو سزائیں ہوئیں، سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ساتھیوں نے کہا تھا کہ ہمیں شفاف ٹرائل کا حق دیاجائے۔