پاکستانسیاسیات

جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود قریشی بری، ڈاکٹر یاسمین، میاں محمود، سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری کو 10، 10 سال قید

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو 10 10 سال قید کی سزا سنادی جبکہ شاہ محمود قریشی و دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے خالد قیوم، ریاض حسین، علی حسن، افضال عظیم پاہٹ کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی، زباس مان، افتخار احمد اور رانا تنویر کو بری کردیا۔

واضح رہے کہ آج لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا جیل ٹرائل مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے جیل میں ٹرائل مکمل کیا، شیر پاو پل پر جلاؤ گھیراو کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید بھی بطور ملزمان نامزد ہیں۔

دوران ٹرائل مقدمے کے 61 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، تھانہ سرور روڈ پولیس نے دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی تھی۔

جواب دیں

Back to top button