پاکستانسیاسیات

خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے انتخاب آج ہو گا

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے انتخاب آج ہو گا۔

اتوار کے روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 اراکینِ اسمبلی سے حلف لیا تھا جس کے بعد صوبائی اسمبلی کا ایوان مکمل ہو گیا ہے اور سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج پورا ہو گیا۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز سپیکر بابر سلیم سواتی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر 24 جولائی تک ملتوی کر دیا تھا جس کے باعث مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔ بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے رجوع کیے جانے پر پشاور ہائی کورٹ نے حلف برداری کیلئے گورنر کو نامزد کیا تھا۔

تاہم وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر کی جانب سے مخصوص نشستوں پر کامیاب اراکین کا حلف لیے جانے کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیرِ اعلی کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے سپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، محض کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا ہے۔

صوبے میں سینیٹ کی 11 نشستوں میں سے سات جنرل نشستیں جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی دو دو نشستیں ہیں۔ صوبے میں برسرِ اقتدار پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے چار جنرل نشستوں جبکہ حزبِ اختلاف نے تین نشستوں کے لیے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے دونوں طرف سے دو دو امیدوار سامنے لائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے پانچ ناراض ارکان نے بھی آزاد حیثیت میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مقامی میڈیا کے مطابق، ان میں سے چار انتخابات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ایکس ہینڈل سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن وقاص اورکزئی جنھوں نے سینیٹ الینکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا، وہ انتخابات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وقاص اورکزئی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کے دوران سینیٹ الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا۔

جواب دیں

Back to top button