پاکستانکاروبار

کراچی، لاہور چیمبر کا پُرامن ہڑتال کا اعلان

کراچی اور لاہور چیمبر  کی طرف سے آج ملک بھر میں پرامن ہڑتال کا اعلان ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل کراچی چیمبر کے صدر جاوید بلوانی نے کہا تھا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ غیر نتیجہ خیز ملاقات کے بعد ہڑتال کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی ہے، کیونکہ کاروبار مخالف پانچ بڑے اقدامات کو معطل کرنے کے اہم مطالبات کو نظر انداز کر دیا گیا۔

ان مطالبات میں سیکشن 37 اے اور 37 بی کا فوری خاتمہ شامل ہے، جو ٹیکس اہلکاروں کو گرفتاری اور قانونی کارروائی کے وسیع اختیارات فراہم کرتے ہیں، اسی طرح سیکشن 21(ایس) کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے، جو 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ کی نقد لین دین پر جرمانے عائد کرتا ہے۔

تاجر برادری کا مطالبہ سیکشن 40 سی کی منسوخی کا بھی ہے، جو مال برداری کے لیے ای-بلیٹی نظام کو لازمی بناتا ہے، اسی طرح ایس آر او 709 کا خاتمہ، جو ایک ناقص ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کو نافذ کرتا ہے اور برآمد کنندگان کے لیے فائنل ٹیکس ریجیم (فی ٹی آر) کی بحالی کا مطالبہ شامل ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی کا کہنا تھا کہ کل کراچی سمیت ملک بھر میں پرامن ہڑتال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تحریری طور پر کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، اگر آئندہ اجلاس میں بھی تحریری طور پر یقین دہانی نہیں کرائی گئی تو پھر ہڑتال کریں گے۔

ادھر، لاہور چیمبر نے بھی ہڑتال کی کال واپس لینے سے انکار کر دیا، لاہور میں تاجر 19 جولائی کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد کا تاجروں کے لیے اہم پیغام میں کہنا تھا کہ تاجروں کے مسائل حل نہ ہونے پر لاہور چیمبر تاجروں کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گا، چیئرمین پی بی پی الائنس نے بھی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

پیٹرن انچیف پیاف انجم نثار نے بھی تاجر برادری کو مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔

یاد رہے کہ تاجر برادری نے ایف بی آر کے اضافی اختیارات میں ترمیم یا خاتمے تک ہڑتال کا سلسلہ جاری رکنے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے کہا تھا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہڑتال نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button