علی امین گنڈاپور اور ناراض رہنماؤں میں مذاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سینیٹ کے ٹکٹوں پر ناراض امیدواروں سے دونوں ملاقاتیں بے نتیجہ ختم ہو گئیں۔
سینیٹ کی ٹکٹوں کے معاملے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں اور علی امین گنڈا پور کی سینیٹ کے ٹکٹوں میں نظر انداز کیے گئے پارٹی رہنماؤں کو منانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
ناراض رہنماؤں کے احتجاج اور پریس کانفرنس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے انہیں بات چیت کے لیے بلایا تھا، ان رہنماؤں میں عرفان سلیم، عائشہ بانو ، ارشاد حسین اور خرم ذیشان شامل تھے، تاہم اس بات چیت کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ناراض اراکین کے درمیان دوسری بیٹھک کی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ایک بار پھر کوشش کہ کہ ناراض اراکین اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیں، تاہم اس ملاقات کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
اگر ناراض اراکین کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیتے تو پھر آئینی طور پر انتخابات ضرور ہوں گے جبکہ علی امین گنڈا پور اپوزیشن کے ساتھ معاہدہ کرچکے ہیں کہ سینیٹ کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوں۔