چینی کی قیمت اگلے 3 ماہ تک ہر مہینے 2 روپے فی کلو بڑھانے پر اتفاق

حکومت اورپاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کےدرمیان معاہدہ طے پا گیا، چینی کی ایکس مل قیمت اگلے 3 ماہ تک ہر مہینے 2 روپے فی کلو بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا۔
حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈسیکیورٹی رانا تنویرحسین اور پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن کی جانب سے سیکریٹری جنرل عمران احمد نے معاہدہ کیا۔
چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو ایک ماہ کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
چینی کی ایکس مل قیمت 15جولائی 2025 سے 165روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کے ایکس مل نرخ 15 اگست 2025 سے167 روپے فی کلو کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اسی طرح چینی کی ایکس مل قیمت 15 ستمبر 2025 سے 169 روپے فی کلو جبکہ 15 اکتوبر 2025 سے 171روپے فی کلو ہوگی۔
یاد رہے کہ جولائی کے اوائل میں ملک میں چینی کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کرلی تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے تک چینی کی فی کلو اوسط قیمت 184 روپے 92 پیسے تھی جبکہ ایک سال قبل چینی کی اوسط قیمت 145 روپے 88 پیسے کلو تھی۔