جرم و سزا

نابینا بچے کو ’جنسی زیادتی‘ کا نشانہ بنانے والا قاری گرفتار

ہری پور کے صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک 5 سالہ نابینا بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں مدرسے کے قاری کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور فرحان کے مطابق اس دلخراش واقعے کی رپورٹ درج کرائےجانےکے بعد انہوں نے متعلقہ تھانے کی پولیس ٹیم کو فعال طور پر متحرک کیا، جنہوں نے کامیابی سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

متاثرہ بچے کے چچا کی جانب سے ہری پور کے صدر پولیس اسٹیشن میں 10 جولائی کو درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم نور جلیل کے خلاف دفعہ 376.53 سی پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں شکایت کنندہ نے کہا کہ اس کے بھتیجے نے اپنی والدہ کو اس واقعے کے بارے میں بتایا تھا کہ اسے مسجد کے اس کمرے میں قاری نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جہاں وہ قرآن پاک پڑھتا تھا۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ متاثرہ بچہ بصارت سے محروم اور صرف پانچ سال کا ہے اور ملزم نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، لہذا وہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی چاہتے ہیں۔

ہری پور پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایس پی صدر محمد عارف کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر اختر حسین نے تفتیشی ٹیم اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ملزم نور جلیل ولد محمد انصار، ساکن پلاس کوہستان کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button