عدالت میں پیشی پر جانیوالوں پر فائرنگ، 6 افراد جاں بحق

سندھ کے ضلع نواب شاہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عدالت میں پیشی کے لیے جانے والے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
نواب شاہ میں افسوس ناک واقعہ تھانہ بی سیکشن کی حدود کیریو موری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مخالفین کی جانب سے پرانی دشمنی کا بدلہ لینے کے لیے فائرنگ کرکے 6 افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرنے والے 5 افراد کا تعلق بھنگوار برادری سے بتایا جارہا ہے ، پولیس نے 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جاں بحق ہونے والے افراد سیشن کورٹ پیشی پر جارہے تھے۔
بھنگوار برادری کے افراد کو کورٹ جاتے ہوئے راستے میں گھاٹ لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوسکا ہے کہ مرنے والے افراد کی کسی سے دشمنی چل رہی تھی، مزید تحقیقات کے بعد تفصیلات معلوم ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔