مشی خان کا حمیرا اصغر کے والدین کے رویے پر اظہارِ افسوس

اداکارہ مشی خان نے اداکار و ماڈل حمیرا اصغر کے والدین کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ والدین کا رویہ غیر سنجیدہ اور مایوس کن دکھائی دیا۔
سینئر اداکارہ مشی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے حمیرا اصغر کے والدین کے انٹرویو پر ردِعمل ظاہر کیا۔
مشی خان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں حمیرا اصغر کے کیس میں پولیس کو تحقیقات میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ حمیرا کی فیملی اس معاملے میں پولیس سے تعاون نہیں کر رہی، تاہم وہ چاہتی ہیں کہ جلد از جلد یہ معلوم کیا جائے کہ حمیرا کی موت کیسے ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے حمیرا اصغر کے والدین کا انٹرویو بھی دیکھا، جس میں میزبان پہلے تو طویل سوالات کر رہا تھا، پھر انہیں مناسب انداز میں بات کرنے کا موقع بھی نہیں دے رہا تھا، حالانکہ اسے چاہیے تھا کہ والدین کو خود اپنے جوابات دینے کا پورا موقع دے۔
مشی خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حمیرا کے والدین کہہ رہے ہیں کہ انہیں بیٹی کے شوبز میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن دس مہینے گزر گئے، دو عیدیں گزر گئیں، محرم بھی گزر گیا، اس تمام عرصے میں انہوں نے بیٹی کی خیریت دریافت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں بیٹی کے گھر کا پتہ معلوم نہیں تھا تو پولیس سے رابطہ کرتے، لیکن شاید اُس وقت وہ یہ سوچ رہے تھے کہ کہیں بدنامی نہ ہو جائے، حالانکہ اب بھی کم بدنامی نہیں ہو رہی۔
مشی خان کے مطابق اگر حمیرا کے والدین اس وقت اپنی بیٹی کا حال معلوم کرلیتے تو شاید یہ سب کچھ نہ ہوتا، انہیں افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ حمیرا کے والدین نے والدین ہونے کا فرض صحیح طریقے سے ادا نہیں کیا۔
گزشتہ روز حمیرا اصغر کے والدین نے پہلی بار میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کیا کہ انہوں نے بیٹی کی لاش لینے سے انکار کیا تھا۔
اداکارہ کے والد نے انٹرویو میں بیٹی کے قتل کا شبہ بھی ظاہر کیا اور کہا کہ اگرچہ انہیں اصل حقائق کا علم نہیں اور وہ کراچی نہیں جا سکے، لیکن انہیں لگتا ہے کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کچھ نہ کچھ غلط ضرور ہوا ہے۔