قلات: بس پر دہشتگروں کا حملہ، مسافروں نے آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

کراچی سےکوئٹہ جانے والی بس پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں 3 مسافر شہید ہو گئے ۔
قلات کے قریب بس حادثہ میں بچ جانے والے مسافروں کے تاثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، کراچی سے کوئٹہ پرفارمنس کے لیے جانے والے قوال ندیم صابری بھی اسی بدقسمت بس میں موجود تھے، انہوں نے آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئےکہا کہ ہم اپنی منزل سےصرف آدھے گھنٹےکی دوری پر تھےکہ یہ واقعہ ہوا، دہشتگردوں نےبس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ندیم صابری نے بتایا کہا کہ ہم قوال لوگ ہیں ہمارا کیا قصور تھا، ہم لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، ہمیں دہشتگردوں نےکس بات کی سزادی، فائرنگ سے ہمارے 3 بھائی شہید اور دیگر ساتھی زخمی ہوئے، ہمارا سارا سامان بھی تباہ ہوگیا۔
بس میں موجود ایک اور مسافر نے افسوس ناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئےکہا کہ ہم غریب اور مزدور لوگ ہیں، بس میں موجود بیشتر مسافر دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، ہمارے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز کے کامیاب آپریشنز، بارڈر سیل کرنے اور اسمگلنگ بند ہونے پر دہشتگرد بوکھلا گئے ہیں، بزدل دہشتگرد بوکھلاہٹ کاشکار ہو کر معصوم لوگوں کی جانوں کےدرپےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی ویز پر مسافربسیں دہشتگردوں کا آسان ٹارگٹ ہیں، دہشتگرد، فورسرز کو بارڈر اور آپریشن ایریا سے ہٹا کر ان جگہوں پرلانا چاہتے ہیں تاکہ فوج کی توجہ ہٹنے پر دہشتگرد بارڈر اور آپریشن ایریا میں آسانی سےکام کرسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا جلد قلعہ قمع کر دیا جائے گا۔