ٹیکنالوجی

خیبرپختونخوا پولیس نے اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروادی

خیبرپختونخوا پولیس نے اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروا دی، اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا پہلا استعمال پشاور پولیس نے کیا گیا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی جانب سے اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کروادی گئی ہے، کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) پشاور قاسم خان نے کہا ہے کہ اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی کا پہلا استعمال پشاور پولیس نے کیا ہے۔

سی سی پی او قاسم خان نے بتایا کہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے موقع پر ڈرون جیمنگ گن کو استعمال کیا گیا ہے، ڈرون جیمنگ سسٹم فضا میں ڈرون کیمروں کی مانیٹرنگ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سسٹم کی مدد سے ڈرون کیمروں کی جیمنگ میں مدد ملی۔

سی سی پی او پشاور نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون استعمال کیا گیا تھا، اب کے پی پولیس مشکوک ڈرونز کو جام کر سکتی ہے، نئی ٹیکنالوجی مشکوک ڈرونز کو 3 کلو میٹر تک کے فاصلے پر ناکاہ بناسکتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا پولیس نے تھرمل ڈرونز خریدنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا تھا کہ تھرمل ڈرونز کی خریداری سے رات کے اوقات آپریشنز میں مدد ملے گی۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا تھا کہ ضم شدہ قبائلی اور جنوبی اضلاع میں دہشت گردوں کی جانب سے ڈرونز کا استعمال کیا گیا ہے، پوری دنیا میں ڈرونز کا استعمال بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈرونز کا استعمال بڑھنے کا خدشہ ہے، پولیس کو تمام اضلاع میں مانیٹرنگ کے لیے ڈورنز کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

Back to top button