یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس دوران عزادارن حضرت امام حسین کی عظیم اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، ملک بھر میں یوم عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں یومِ عاشور کی مجلس نشتر پارک میں کچھ دیرمیں شروع ہوگی اور اس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوگا، جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ اور تبت سینٹر پہنچ کر نماز ظہرین ادا کریں گے، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر میں ختم ہوگا۔
ٹانک میں عاشورہ کا مرکزی جلوس برآمد ہوکر اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔
راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے امام بارگاہ عاشق حسین سے بر آمد ہوگا، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے علامہ حسین مقدسی تبرکات کی زیارت کے بعد جلوس برآمد کروائیں گے۔
پشاور میں یوم عاشور کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، یوم عاشور کے سلسلے میں ایک درجن سے زائد امام بارگاہوں سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برامد ہوں گے،
یوم عاشور کا پہلا جلوس 11 بجے کوچی بازار امام بارگاہ اغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے، امامِ عالی مقام کی شہادت ایک الٰہی مشن تھام جس کی بنیاد صداقت، عدل اور خدا کی رضا تھی۔
انہوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کربلا ضمیر، کردار اور دین کی اصل روح کا امتحان تھا، امام حسین علیہ السلام کا عظیم پیغام اصولوں پر ڈٹ جانے، ظلم و جبر کے سامنے نہ جھکنے کا ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں ہمیں بطور قوم حسینی کردار کی ضرورت ہے، ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو امام حسین علیہ السلام کے پیغامِ حریت اور عدل کا مظہر بنائیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا یہ درس دیتا ہے کہ حق کا راستہ کٹھن مگر دائمی فلاح کا ذریعہ بنتا ہے، اگر ہم معرکہ کربلا کی روشنی میں اپنا راستہ طے کریں تو پاکستان فلاحی اور خوددار ریاست بن سکتا ہے۔
یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں صبر، قربانی اور اصولوں پر ڈٹے رہنے کی عظیم مثال عطا کرتا ہے، میدانِ کربلا کوئی عام معرکہ نہیں بلکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے۔