پاکستان

پنجاب میں کریک ڈاؤن، غیرقانونی طور پر رکھے گئے 13 شیر ضبط، 5 افراد گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر لائسنس کے بغیر شیر رکھنے والے شہری محکمہ وائلڈ لائف کے ریڈار پر آگئے۔

پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر شیر رکھنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے کل سے آج دن 10 بجے تک پنجاب بھر میں اب تک 22 مقامات کی انسپکشن کی گئی، اس دوران 13 شیر قبضے میں لے لیے گئے، 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، 5 مقدمات درج کیے جاچکے، 2 مقدمات درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائی میں لاہور سے 4 شیر بازیاب کرائے گئے اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ایک احاطہ بھی سیل کیا گیا ہے، 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

اسی طرح گوجرانوالہ سے 4 شیر برآمد کرکے ایک مقدمہ درج کیا جارہا ہے، فیصل آباد سے 2 شیر تحویل میں لیے گئے، ایک احاطہ سیل کیا گیا، ایک مقدمہ زیرِ تکمیل ہے۔

ملتان سے اب تک 3 شیر برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، 2 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے، عوام کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، غیر قانونی طور پر شیر رکھنا نہ صرف جرم ہے بلکہ معاشرے کے لیے خطرہ بھی ہے، وائلڈ لائف قوانین پر سختی سے عمل ہوگا، قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، عوام سے اپیل ہے کہ غیرقانونی شیروں کی اطلاع 1107 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جاسکے۔

جواب دیں

Back to top button