پاکستان

پاکستان کے مختلف علاقوں میں یومِ عاشور پر گرج چمک، آندھی اور موسلادھار بارش کا امکان

پاکستان کے محکمہِ موسمیات کے مطابق اتوار دس محرم الحرام کے موقعے پر ملک کے شمالی علاقوں بشمول کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی گرچ چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے انتباہ جاری کیا ہے کہ موسلا دھار بارشیں سیلابی ریلوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آٹھ جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

میٹ آفس کے مطابق ’آندھی اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے۔‘

انتباہ کے مطابق ’موسلا دھار اور شدید موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان کے مقامی بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔‘

انتباہ میں لوگوں کو خصوصاً سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ ’مسافر اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔‘

محکمہِ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سنیچر کے روز یعنی آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہنےکا امکان ہے۔

تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی سندھ اور شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جواب دیں

Back to top button