بین الاقوامی

اقوامِ متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے معائنہ کار ایران چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے

اقوامِ متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) کے معائنہ کار ایران سے واپس روانہ ہوگئے، آئی اے ای اے نے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے ایران میں انتہائی ضروری نگرانی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے، اگرچہ ایران نے اسرائیل اور امریکا کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد باضابطہ طور پر تعاون معطل کر دیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آئی اے ای اے کی ایک ٹیم نے آج ایران سے محفوظ طریقے سے روانگی اختیار کی تاکہ وہ ویانا میں ادارے کے صدر دفتر واپس جا سکیں، یہ ٹیم حالیہ فوجی تنازع کے دوران تہران میں موجود رہی۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ایران کے ساتھ فوری طور پر نگرانی اور تصدیقی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔

ایران نے بدھ کے روز باضابطہ طور پر اقوامِ متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے ساتھ تعاون معطل کر دیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر اپنے پہلے فوجی حملے کیے، اور گزشتہ ماہ امریکا نے بھی حملے کیے تھے۔

جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا رکن ہونے کے ناطے، ایران کو اپنے افزودہ یورینیم کی مکمل معلومات دینا ہوتی ہیں، جس کی عام طور پر آئی اے ای اے سخت نگرانی کرتا ہے، تاہم، ایران کی تنصیبات پر بمباری کے بعد صورت حال پیچیدہ ہو گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button