پاکستان

اسلام آباد ہائی کورٹ کا سی ڈی اے کو تحلیل کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو تحلیل کرنے اور اس کے تمام اختیارات اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 2 رٹ پٹیشنز پر سماعت کی جن میں 2015 میں جاری کردہ سی ڈی اے کے ایک سٹیچوری ریگولیٹری آرڈر ( ایس آر او) کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر واقع پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پر رائٹ آف وے چارجز (بڑی شاہراہوں سے براہِ راست رسائی) عائد کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ سی ڈی اے 1960 میں قائم کی گئی ایک شہری تنظیم ہے جسے وفاقی دارالحکومت کی ترقی کا کام سونپا گیا تھا۔ سی ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ادارہ شہر کی پائیدار ترقی اور انتظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں کہا گیا کہ سی ڈی اے نے درخواست گزاروں سے چارجز کی مد میں 33 کروڑ 74 لاکھ 42 ہزار 856 روپے وصول کیے۔ ایس آر او کا اجرا ایک غیر قانونی عمل ہے اور آئین کے آرٹیکل 77 کے خلاف ہے، جو یہ کہتا ہے کہ ٹیکس لگانے کے اختیارات صرف پارلیمنٹ کی منظوری سے ہو سکتے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بنیادی طور پر سی ڈی اے کی طرف سے براہِ راست ٹیکس یا ڈائریکٹ ایکسس چارجز کا نفاذ سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے تحت میونسپل فرائض کی بنیاد پر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کی دفعات 88، 89، اور 90 کو نظرانداز کرتے ہوئے عائد کیے گئے جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ وقت آ چکا ہے کہ وفاقی حکومت سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کی شق 52 کے تحت اتھارٹی کے کام کو ختم کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرے اور ادارے کو باضابطہ طور پر تحلیل کرے کیونکہ سی ڈی اے کا اصل مقصد اب مکمل ہو چکا ہے۔

اسلام آباد کی انتظامیہ، ضابطہ جاتی، اور شہری نظامِ حکومت اب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت چلایا جا رہا ہے، جو کہ ایک خصوصی قانون سازی ہے جس کا مقصد منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی حکومت کو چلانا ہے۔

عدالت نے دونوں رٹ پٹیشنز کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ایس آر او غیر قانونی اور قانونی اختیار یا دائرہ اختیار کے بغیر جاری کیے گئے تھا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سی ڈے اے کو تحلیل کرنے اور اس کے تمام اختیارات، اثاثے اور فرائض ایم سی آئی کو منتقل کرنے کا عمل فوری طور پر شروع اور مکمل کرے۔

جواب دیں

Back to top button