پاکستان

پاکستانی پاسپورٹ بتدریج ترقی کے بعد ٹاپ 100 میں شامل

پاکستانی پاسپورٹ بتدریج ترقی کے بعد ٹاپ 100 پاسپورٹس میں شامل ہوگیا، ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے سال 2025 کی رینکنگ جاری کردی گئی، پاکستانی پاسپورٹ پر شہری 32 ممالک میں ویزا فری سفری سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا بھر میں سرفہرست رہا ہے، جاپان اور جنوبی کوریا کا پاسپورٹ مشترکہ طور پر دوسرے اور ڈنمارک کا پاسپورٹ تیسرے نمبر پر ہے۔

فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور اسپین کے پاسپورٹس نے بھی مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

ترکیہ کا پاسپورٹ 49، چین کا 64 اور بھارت کا پاسپورٹ 82 ویں نمبر پر ہے۔

یمن، عراق، شام اور افغانستان بالترتیب 100، 101، 102 اور 103 نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال کی پاسپورٹ رینکنگ میں پاکستان کا پاسپورٹ دنیا میں آخری 4 پاسپورٹس میں شامل تھا، ایک سال کے دوران بتدریج پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ میں 2 درجے بہتری آئی ہے، یہ بہتری عالمی سطح پر پاکستان کے امیج میں نمایاں تبدیلی کا اشارہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاسپورٹس کی جانب سے پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی و سیکریٹری داخلہ کے خصوصی تعاون پر مشکور ہیں۔

ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں، ای پاسپورٹس ہولڈرز کے لیے جلد تمام ائیرپورٹس پر ای گیٹس کی سہولت میسر ہوگی۔

جواب دیں

Back to top button