محرم الحرام میں سیکیورٹی کیلئے ملک بھر میں فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری

وزارت داخلہ نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے لیے ملک بھر میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کی ’ڈان‘ کو دستیاب ایک نقل کے مطابق یہ منظوری تمام صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کی درخواست پر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت محرم کے سیکیورٹی فرائض کی انجام دہی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کرنے کی اجازت دی ہے، جو ملک میں نافذ قوانین کے تابع ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی درست تعداد، تعیناتی کی تاریخ اور علاقے کا تعین تمام صوبائی حکومتیں، بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کی انتظامیہ، متعلقہ فریقین کے ساتھ زمینی حالات اور ضروریات کی بنیاد پر کریں گی۔