بین الاقوامی

ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان دو ہفتوں میں غزہ میں جنگ ختم کرنے پر اتفاق، اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی میڈیا میں شائع شدہ خبروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نے دو ہفتوں میں غزہ میں جنگ ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اسرائیلی روزنامے ’ دی ٹائمز آف اسرائیل ’ کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں امریکا کے ایران پر حملے کے بعد، اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے اور ابراہیمی معاہدے کو توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، ایک ’ باخبر ذریعے’ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے فون پر اس بات پر اتفاق کیا کہ غزہ کی جنگ آئندہ دو ہفتوں میں ختم کر دی جائے گی، اس کے بعد چار عرب ممالک، جن میں متحدہ عرب امارات اور مصر بھی شامل ہیں، حماس کی جگہ غزہ پر مشترکہ طور پر حکومت کریں گے، اور حماس کی قیادت کو جلاوطن کر دیا جائے گا اور تمام یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔

تاہم، عرب اتحادی بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ وہ غزہ کی جنگ کے بعد اس کی تعمیرِ نو میں اُس وقت تک شریک نہیں ہوں گے جب تک اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کو غزہ میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں دیتا، تاکہ مستقبل میں دو ریاستی حل کی راہ ہموار ہو سکے، لیکن نیتن یاہو نے فلسطینی اتھارٹی کے کسی بھی کردار کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں، حماس کی قیادت نے بھی طویل عرصے سے جلاوطنی کے مطالبات کو رد کر رکھا ہے۔

جواب دیں

Back to top button