ٹرمپ کی اسرائیلی عدلیہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش، نیتن یاہو کے کرپشن کیس ختم کرنے کا مطالبہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی عدلیہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے مقدمے کو انصاف کا مذاق، تماشہ اور سیاسی انتقام قرار دے دیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کو بچایا، اب امریکا ہی نیتن یاہو کو بچائے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر ایک طویل پیغام میں لکھاکہ ’مجھے یہ جان کر شدید حیرت ہوئی کہ اسرائیل، جس نے حالیہ دنوں میں اپنی تاریخ کے عظیم ترین لمحات میں سے ایک کا مشاہدہ کیا اور جسے بی بی ( نیتن یاہو کی عرفیت) جیسے مضبوط رہنما کی قیادت حاصل ہے، وہ اپنے جنگی وقت کے عظیم وزیر اعظم کے خلاف یہ مضحکہ خیز سیاسی انتقام جاری رکھے ہوئے ہے‘۔
ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ساتھ ایران کے خلاف حالیہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاکہ ’بی بی اور میں نے اسرائیل کے دیرینہ اور ذہین دشمن ایران کے خلاف جہنم جیسا وقت ایک ساتھ گزارا، بی بی نے غیر معمولی حب الوطنی، ذہانت اور طاقت کا مظاہرہ کیا، کوئی اور ہوتا تو شکست، شرمندگی اور انتشار کا شکار ہو جاتا‘۔
انہوں نے نیتن یاہو کو اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا جنگجو قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جیسا شاید اسرائیل کی تاریخ میں ایسا کوئی اور جنگجو نہ رہا ہو، اور اس کی قیادت میں ایسا نتیجہ سامنے آیا جس کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور ممکنہ ایٹمی ہتھیاروں میں سے ایک کا مکمل خاتمہ، جو جلد بننے والے تھے۔