امریکی حملے سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے، چینی مندوب

اقوام متحدہ میں چینی مندوب فو کانگ نے کہا کہ امریکا نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام پر حملہ کرکے ایران کی خودمختاری اور سلامتی کی ہی نہیں عالمی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے چینی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، امریکی حملے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
چینی مندوب نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مذاکرات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو صورتحال میں انصاف کرنا چاہیے۔
چینی سفیر نے امریکا پر اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون، اور ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھایا ہے اور بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
چینی سفیر نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تنازع میں شامل تمام فریق، خاص طور پر اسرائیل، کو فوری جنگ بندی پر رضامند ہونا چاہیے تاکہ کشیدگی کے بڑھنے کے خطرے کو روکا جا سکے اور جنگ کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں چین، روس اور پاکستان نے ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا ہے جس میں درج ذیل نکات شامل ہیں:
- فوری اور غیر مشروط جنگ بندی
- شہریوں کا تحفظ
- بین الاقوامی قانون کا احترام
- مذاکرات میں شمولیت