بین الاقوامی

ایرانی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی منظور ی دیدی:ایرانی میڈیا

ایران نے امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے اور جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا، ایران نے کہا ہے کہ امریکہ تھوڑا انتظار کرے، حملوں کی سزا بھگتے گا، پوری قوت سے مزاحمت کریں گے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا ہے کہ امریکا جنگ میں اپنے نقصان کیلئے داخل ہوگیا، امریکا کو پہنچنے والا نقصان ایران سے کہیں زیادہ ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقی نے کہا ہے کہ امریکی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،  امریکی حملوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے،  جوہری تنصیبات پر حملے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، امریکا عالمی قوانین کا احترام نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حملے اشتعال انگیز ہیں، جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنی خودمختاری، مفادات اور عوام کے دفاع کے لیے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے۔

علاوہ ازیں عباس عراقچی نے استنبول میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، ہم اپنی سالمیت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو دھوکا دیا، ٹرمپ نے حملہ کر کے اپنے عوام سے بھی وعدہ خلافی کی، امریکااپنی جارحیت کے نتائج کا ذمہ دار ہوگا، امریکی جارحیت کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی نسل کش حکومت نے ایک بار پھر اپنے عزائم دکھائے، امریکہ نے ایران کے پرامن جوہری پروگرام پر حملے کیے، امریکا نے جو کیا وہ ناقابل معافی ہے، اقوام متحدہ سے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو مذاکرات کی طرف واپس بلانا سمجھ سے باہر ہے، ایران پہلے ہی مذاکرات کر رہا تھا، امریکا نے مذاکراتی عمل کے دوران حملہ کر دیا، ایران اپنی خودمختاری اور عوام کا تحفظ جاری رکھے گا، ثابت ہو گیا امریکا اور اسرائیل طاقت کی زبان ہی سمجھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ امریکی حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں، امریکہ کو مجرمانہ اقدام پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے، امریکا کو اپنے اقدامات کا جواب دینا پڑے گا، اقوام متحدہ اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی امریکا کے اقدامات کا نوٹس لیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سفارتکاری کا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھنا چاہئے۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکی فضائی حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ان جارحانہ کارروائیوں کے خلاف پوری قوت سے مزاحمت کرے گا۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی سنگین اور بے مثال خلاف ورزی کی ہے، دنیا یہ نہ بھولے کہ سفارتی عمل کے دوران سب سے بڑی خیانت امریکا نے کی، جس نے اسرائیل کی جارحیت کی حمایت کر کے ایران کے خلاف خطرناک جنگ کا آغاز کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ واضح ہو چکا ہے کہ امریکا کسی ضابطے، اخلاقیات یا عالمی اصولوں کا پابند نہیں۔ وہ ایک نسل کش اور قابض ریاست کے مقاصد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے پورے عزم اور طاقت کے ساتھ امریکی حملوں اور اس مجرمانہ ریاست کے خلاف مزاحمت کا حق رکھتا ہے۔

پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطی میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائے گا، یورپی یونین کا کوئی بھی بحری بیڑہ یورپ نہیں پہنچ سکے گا، اب ہمارے لیے جنگ شروع ہو چکی ہے، خطے میں موجود ہر امریکی شہری یا فوجی اب ہدف ہے۔

جواب دیں

Back to top button