ایران کا بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر نیا حملہ، شدید مالی نقصان

ایران نے اسرائیل پر ایک مرتبہ پھر میزائلوں کی بارش کردی، اسرائیل کے شہر بیرشیبہ میں میزائل گرنے سے شدید نقصان ہوا ہے، کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ اسرائیلی فوج نے انٹرسیپٹر میں ممکنہ خرابی کو ایرانی میزائل روکنے میں ناکامی کی وجہ قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے جمعے کی صبح ایک مرتبہ پھر اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، اسرائیل کے شہر بیرشیبہ میں ایک میزائل گرنے سے مائیکرو سافٹ آفس کے قریب بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایرانی بیلسٹک میزائل کے حملے سے بیرشیبہ میں شدید نقصان پہنچا ہے، میزائل رہائشی اپارٹمنٹس کے قریب گرا، جس سے کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جبکہ قریبی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے والے ادارے میگن ڈیوڈ ایڈم کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح جنوبی اسرائیل پر ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کی بارش کے بعد اسے کسی زخمی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ حملہ اُس واقعے کے تقریباً 24 گھنٹے بعد ہوا جب ایک ایرانی میزائل بیرشیبہ کے سوروکا ہسپتال سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز بیرشیبہ میں آگ لگنے کے واقعات پر کارروائی کر رہی ہیں، اس کے بعد کہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ایک ایرانی میزائل کو روک لیا ہے۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروس ایجنسی میگن ڈیوڈ ایڈم کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو کے مطابق، جنوبی شہر کی ایک سڑک پر کئی مقامات پر آگ لگی دیکھی جا سکتی ہے، جو مائیکروسافٹ کے دفتر والے ٹیک پارک کے قریب واقع ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی ضلع میں گولہ بارود گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو کھلے علاقوں میں گرے، پولیس کے مطابق املاک کو نقصان پہنچا ہے لیکن جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بیرشیبہ نیگیو کے صحرا میں واقع ہے، جہاں اسرائیل کا نیواتیم فضائی اڈہ بھی موجود ہے۔
اسرائیلی اخبار ہیرٹز کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انٹرسیپٹر میں ممکنہ خرابی ایرانی میزائل روکنے میں ناکامی کی وجہ ہوسکتی ہے۔