زیر تعمیر سرنگ دھنسنے سے درجنوں مزدور ملبے تلے دب گئے
اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں زیر تعمیر سرنگ دھنسنے کے باعث 36 مزدور ملبے تلے دب گئے۔
سرنگ میں پھنسے مزدروں کو پائپ کے ذریعے آکسیجن پہنچائی جارہی ہے تاکہ ان کا زندگی سے رشتہ برقرار رہ سکے۔ نیویوگا کمپنی قومی شاہراہ پر سلکیارا سے ڈنڈالگاؤں تک سرنگ تعمیر کررہی ہے جس کا 50 میٹر حصہ دھنس گیا ہے۔
اس حادثے میں تقریباً 36 کارکن سرنگ کے اندر پھنس گئے ہیں جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
حادثہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مزدوروں کو نکالنے میں 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں۔ اترکاشی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ارپن یدوونشی کا کہنا ہے کہ سرنگ کے اندر پھنسے تمام کارکن کے پاس آکسیجن سلنڈر دستیاب ہیں اور وہ محفوظ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سرنگ کے اندر آکسیجن پائپ بھی پہنچایا گیا ہے۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فائر سروس، ایمرجنسی سروس کے 108 اہلکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
ٹنل سے ملبہ ہٹانے کے لیے عمودی ڈرلنگ مشین کے انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ این ایچ آئی ڈی سی ایل کی مشینری ٹنل میں ملبہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ لینڈ سلائیڈنگ ٹنل کے مرکزی دروازے سے سلاکیارا کی جانب 200 میٹر کے فاصلے پر ہوئی جب کہ ٹنل میں کام کرنے والے مزدور 2800 میٹر اندر تھے۔ مزدوروں کو بغیر کسی تاخیر کے ابتدائی طبی امداد دینے کے لیے ٹنل کے باہر پانچ ایمبولینسیں بھی موجود ہیں
ٹنل آل ویدر روڈ پروجیکٹ کا حصہ اور اس کی لمبائی 4.5 کلومیٹر ہے۔ ٹنل کا کام ستمبر 2023 میں مکمل ہونا تھا تاہم اب یہ مارچ 2024 تک مکمل ہوگا۔