
پنجاب حکومت نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاون ختم کردیا، بارش کے باعث اسموگ میں کمی واقع ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں پنجاب حکومت نے اسموگ میں کمی کے بعد لاہور سمیت آٹھ اضلاع میں لگایا گیا اسمارٹ لاک ڈاون ختم کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے ٹویٹ کے ذریعے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارش کے باعث ائیر کوالٹی میں بہتری اور فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے، اس لئے ماہرین سے مشاورت کےبعد لاک ڈاؤن ختم کیا گیا۔
اسموگ کی وجہ سے پنجاب کے 8 اضلاع میں پہلے چار دن کیلئے پھر سموگ میں بہتری کے بعد دو دن اب گزشتہ روز کی بارش کے بعد سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا، تاجرحکومتی فیصلے سے خوش ہیں۔
لاہورمیں گزشتہ روز دھواں داربارش کے باعث اسموگ کا خاتمہ ہوگیا اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئی اور ایئر کوالٹی کی شرح جوچارسو باون تک ریکارڈ کی گئی وہ ایک سو بیاسی تک آگئی، جس کے بعد نگراں حکومت نے اسموگ کے باعث لگائی گئی تمام پابندیاں ختم کردیں۔
یاد رہے حکومت نے لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، نارووال اور حافظ آباد میں جمعرات سے اتوار تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آٹھ شہروں میں تعلیمی اداروں، دفاتر، شاپنگ مالز، ریستوراں، سینما بند رکھنے کے احکامات جاری کیے، تاہم کاروباری اور تجارتی برادری کے شدید ردعمل کے بعد حکومت کو اپنی لاک ڈاؤن حکمت عملی تبدیل کرنا پڑی اور بازاروں کو دو دن تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی جبکہ ریستوران، سینما اور جم کو بھی کام کرنے کی اجازت دی گئی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا تھا کہ اسموگ کی وجہ سے صرف ہفتے کے روز(11نومبر)کو دکانیں اور مارکیٹیں بندرکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم بارش اور حکومت پنجاب کے اقدامات کے باعث آج سموگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔
وزیراعلی نے کہا تھا کہ میں ذاتی طور پر اور پنجاب حکومت کی جانب سے تعاون پر تاجربرادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسموگ سے نمٹنا ایک قومی ذمہ داری ہے اور ہم نے لاہور اور اپنے شہروں کو رہنے کے قابل بنانا ہے، اس ضمن میں حکومتی اقدامات کا ساتھ پورے معاشرے کو دینا ہو گا،تبھی ہم اس آفت سے نبرد آزما ہو سکیں گے۔
After assessing improved air quality post recent rainfall, in consultation with experts and Punjab environment department, we've decided to lift the lockdown. Markets open tomorrow, and restaurants can resume operations after 6 pm. The recent restrictions related to SMOG will be…
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) November 10, 2023