اسکول کے دروازے پر فائرنگ، باپ جاں بحق، بیٹی شدید زخمی

کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں 2 شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس سے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
ناظم آباد گول مارکیٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق اور بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔
ریسکیو کے مطابق بچی کی عمر 10 سال ہے جو اسکول یونیفارم میں ملبوس تھی، فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق باپ اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا، اسکول کے گیٹ پر ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، بچی کا نیا ایڈمیشن ہوا تھا، اس لیے زیادہ معلومات نہیں۔
ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کرائم سین پر پہنچ گئے، پولیس کے مطابق قتل دشمنی کی بنا پر کیا گیا، جاں بحق شخص راشد اسٹیٹ ایجنسی چلاتا تھا، ادھیڑ عمر قاتل اسکول کے باہر کھڑا انتظار کر رہا تھا، راشد جیسے ہی اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر پہلی گولی بچی اور دوسری باپ کے سر پر ماری۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی سفید داڑھی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر کے ذریعے ملزم کی تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیپا چورنگی راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت کامران عباس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر موٹرسائیکل سوار کو گولی ماری، جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اوراطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔