
خیبر پختون خوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محمد اعظم خان انتقال کر گئے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان کو ڈائریا کی شکایت پر طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث گزشتہ شب پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا جہاں آج ان کا انتقال ہو گیا۔
مرحوم اعظم خان کی نمازِ جنازہ آج دوپہر 3 بجے ان کے آبائی علاقے چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔
اعظم خان کی میت نجی اسپتال سے آبائی علاقہ پڑانگ چارسدہ کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے سابق سیکریٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کے انتقال کے بعد صوبائی کابینہ تحلیل ہوچکی ہے۔
کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے۔
اعظم خان نے 21 جنوری 2023ء کو بطور نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا حلف اٹھایا تھا۔
اعظم خان نے پشاور یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی۔
اعظم خان ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور کمشنر کے عہدوں پر بھی کام کیا تھا۔
وہ چیف سیکریٹری اور مختلف وزارتوں کے سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ خیبر پختون خوا کی حکومت کے خاتمے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اعظم خان کا نام پیش کیا گیا تھا اور جب یہ نام سابق وزیرِ اعلیٰ محمود خان کے سامنے رکھا گیا تو انہوں نے فوری طور پر اعظم خان کو نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا تعینات کرنے کی منظوری دے دی تھی۔