پاکستان کے جوابی حملے میں تباہ ہونے والے بھارتی طیاروں میں رافیل بھی شامل
پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو جارحیت کا بھرپور جواب دینا شروع کر دیا ہے اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیارے گرا دیئے ہیں جن میں ایک بھارت کا جدید طیارہ رافیل بھی شامل ہے۔ جبکہ پاکستان فضایہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل متحرک ہیں اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور دشمن کی فضائی برتری کو چیلنج کرتے ہوئے فوری طور پر کارروائی کر کے 2 طیارے مار گرائے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ کچھ دیر پہلے بزدل دشمن بھارت نے بہاولپور کے علاقے احمد ایسٹ، کوٹلی اور مظفر آباد میں سبحان اللہ مسجد پر فضا سے تین مقامات پر فضائی حملے کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا۔ اس گھناؤنی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔ ممکنہ جانی نقصان بارے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے بعد میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملے سے انہیں جو عارضی خوشی حاصل ہوئی ہے وہ دائمی غم میں بدل جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں ایک مسجد پر حملہ کیا گیا تھا، میزائل اس کے قریب ایک گھر پر گرا ہے، جہاں والدین اور ایک بچہ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کے ساتھ کسی بھی وقت تصادم کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سروسز چیفس کے ساتھ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں مشرقی سرحد پر بھارتی اشتعال انگیزی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
قبل ازیں بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔ بھارت کی جانب سے حملے کے بعد پاکستان کی ایئراسپیس کو بند کردیا گیا اور تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیراسپیس کو 48 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا جس کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔







