بغیر کسی ڈش موبائل فون سے اسٹارلنک کا سٹیلائیٹ انٹرنیٹ استعمال کرنا ممکن ہوگیا

موبائل کمیونیکیشن کی دنیا میں ایک زبردست انقلابی قدم اُٹھایا گیا ہے۔ ایلون مسک کی کمپنی ”اسٹارلنک“ نے ایک نئی سروس متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے اب آئی فون اور اینڈرائیڈ فونز براہِ راست سیٹلائٹ سے جُڑ سکتے ہیں، وہ بھی بغیر کسی اضافی ڈیوائس یا اینٹینا کے۔
اس نئی سروس کا نام ہے ”ڈائریکٹ ٹو سیل“ ہے۔ جس سے اب آپ اپنے ایل ٹی ای موبائل فون کے ذریعے ایسے علاقوں میں بھی کالز اور میسجز بھیج سکتے ہیں، جہاں سگنلز کا نام و نشان بھی نہیں ہوتا، جیسے پہاڑ، جنگل، جھیلوں کے کنارے یا دیہی علاقے۔
اس ہفتے فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے Falcon 9 راکٹ کے ذریعے 21 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے گئے، جن میں سے 13 سیٹلائٹس ”ڈائریکٹ ٹو سیل“ ٹیکنالوجی سے لیس تھے۔
ہر سیٹلائٹ میں ایک خاص eNodeB موڈیم لگا ہے، جو خلا میں ایک موبائل ٹاور کی طرح کام کرتا ہے۔ جب آپ کے فون کو سگنل نہیں ملتا، تو وہ ان سیٹلائٹس سے کنیکٹ ہو کر کال یا میسج کر سکتا ہے بالکل ویسے جیسے آپ بیرونِ ملک جا کر کسی دوسرے نیٹ ورک پر آ جاتے ہیں۔
کون سے فونز سپورٹڈ ہیں؟
اگر آپ کے پاس iPhone 14 یا اس کے بعد کا ماڈل ہے، یا Samsung Galaxy S23 جیسا نیا فون ہے اور اگر آپ امریکہ میں T-Mobile نیٹ ورک استعمال کر رہے ہیں تو آپ اس سہولت سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ Google Pixel 9 جیسے کچھ دوسرے فونز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
قیمت کیا ہوگی؟
ابھی اس نئی سروس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، لیکن امکان ہے کہ اسے کمرشل بنیادوں پر پیش کیا جائے گا۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے یہ سروس مفید ہوگی جو سفر کرتے ہیں یا دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں۔
یہ سروس ابھی مکمل طور پر لانچ نہیں ہوئی مختلف علاقوں میں آہستہ آہستہ دستیاب ہوگی۔ اور فی الحال اینڈرائیڈ فونز کے لیے اس سسٹم میں براہِ راست انضمام (integration) موجود نہیں، لیکن T-Mobile کے ذریعے رسائی ممکن ہے۔