پاکستان میں کسی سیاسی جماعت یا حکومت کو ترجیح نہیں دیتے، امریکا
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت یا حکومت کو ترجیح نہیں دیتے۔
پریس بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے تناظرمیں یہ بات سب سے بڑھ کر ہے کہ الیکشن کا انعقاد آزادانہ اور منصفانہ ہو، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ منعقدہ انتخابات پاکستانی عوام کے فائدے کیلئے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک افغان پناہ گزینوں کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں، پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسی ممالک کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک عالمی تحفظ کے خواہاں افغانیوں کو داخلے کی اجازت دیں،
ضروری ہے کہ افغان باشندوں کو انسانی امداد کی فراہمی کیلئے عالمی تنظیموں سے رابطہ قائم رکھا جائے۔
پاکستان میں دہشت گردوں سے امریکی ساختہ اسلحہ برآمدگی کا حوالے سے ایک سوال کہ افغانستان میں امریکی ساختہ اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے پر کیا کہیں گے؟
جس کے جواب میں ویدانت پٹیل نے بتایا کہ افغانستان سے انخلا کے دوران امریکی افواج نے کوئی سامان پیچھے نہیں چھوڑا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز اور تنصیبات پر حملوں کی اطلاعات سے آگاہ ہیں، پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی پاکستان کو بڑے پیمانے پر فوجی امداد معطل ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔