لاہور بار ایسوسی ایشن انتخابات: حامد خان گروپ کے مبشر رحمان صدر منتخب
لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدوار نے میدان مار لیا، حامد خان گروپ کے مبشر رحمان لاہور بار کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
لاہور بار کے سالانہ انتخابات میں مبشر رحمان نے 2 ہزار 400 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جب کہ آزاد امیدوار عرفان حیات باجوہ 2 ہزار ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار میان فیض ایک ہزار 807 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔
سینئر نائب صدر کی نشست پر میاں شرجیل 4 ہزار 476 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، نائب صدر کی نشست پر ملک سیف کھوکھر 3 ہزار 23 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔
اس کے علاوہ جنرل سیکریٹری کی نشست پر نصیر بھلہ 3 ہزار 736 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، جوائنٹ سیکریٹری کی سیٹ پر شجاعت علی خان 3 ہزار 147 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔
لائبریری کی سیٹ پر ثمینہ کھوکھر 2 ہزار 884 ووٹ لیکر کامیاب ہوئیں، جیتنے والے امیدواروں کے حامی وکلا نے ایوان عدل کے باہر جیت کا جشن منایا۔