جنوبی کوریا میں مسافر طیارے کا تباہی سے قبل کا فلائٹ ڈیٹا غائب ہونے کا انکشاف
جنوبی کوریا کے ہوائی اڈے پر گزشتہ ماہ تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا حادثے سے قبل کا فلائٹ ڈیٹا غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ 29 دسمبر کو جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہونے والے جیجو ایئر کے طیارے کے فلائٹ ڈیٹا اور کاک پٹ وائس ریکارڈرز نے کنکریٹ کے ڈھانچے سے ٹکرانے سے تقریباً 4 منٹ قبل ریکارڈنگ بند کردی تھی۔
وزارت نے کہا ہے کہ 179 افراد کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والے حکام اس بات کا تجزیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ ’بلیک باکسز‘ کے ریکارڈنگ بند کرنے کی وجہ کیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ وائس ریکارڈر کا ابتدائی طور پر جنوبی کوریا میں تجزیہ کیا گیا تھا اور جب ڈیٹا غائب پایا گیا تو اسے امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی لیبارٹری بھیج دیا گیا، وزارت نے کہا ہے کہ تباہ شدہ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کو امریکی سیفٹی ریگولیٹر کے تعاون سے تجزیے کے لیے امریکا لے جایا گیا تھا۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے جنوبی کوریا کے شہر موان جانے والی جیجو ایئر پرواز 7 سی 2216 ایئرپورٹ کے رن وے کے اختتام پر بنی کنکریٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی تھی ۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے سابق تفتیش کار سم جے ڈونگ نے کہا ہے کہ اہم آخری لمحات کے گمشدہ ڈیٹا کی دریافت حیران کن ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ بیک اپ سمیت تمام بجلی کٹ گئی تھی جو شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔