لاہور میں دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے والے 2 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار، مقدمہ درج
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو بدنام کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی، دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے والے 2 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار کرلیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے بتایا کہ تحصیل علامہ اقبال زون میں دکانداروں سے بھتہ وصول کرتے ہوئے 2 جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس محمد شفیق اور اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے دونوں نوسرباز متعدد دکانداروں سے بھتہ وصول کر چکے تھے، جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے دکانداروں کے سامنے خود کو اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال زون کے نمائندے بناکر پیش کیا تھا۔
ڈی سی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ دونوں جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دھوکا دہی، فراڈ سے پیسے اکٹھے کرنے میں ملوث ہیں، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال زون نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نوسربازوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا دیا گیا ہے، محمد شفیق اور اعجاز نامی نوسربازوں سے پولیس قانون کے مطابق سلوک کرے گی۔