جنوبی کوریا کے ائیر پورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ حادثے کا شکار، ہلاکتوں کی تعداد 127 تک جا پہنچی

جنوبی کوریا میں جیجو ائیر کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے سے متعلق نیشنل فائر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 127 ہو گئی ہے۔
ہلاک ہونے والے 127 افراد سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اب تک ان میں سے 54 مرد اور 57 خواتین کی شناخت ہو پائی ہے۔ مزید 13 لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
جنوبی کوریا کہ قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے موان میں جائے حادثہ پر خصوصی ڈیزاسٹر زون کا اعلان کیا ہے۔
صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں چوئی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں سنگین صورتحال کا سامنا ہے جہاں آج صبح موان ہوائی اڈے کے رن وے سے ایک طیارے کے گرنے کے بعد بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’مُجھے اس حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرا دُکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔‘ انھوں نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے بھی تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔‘
ایجنسی کے مطابق امدادی ٹیموں کے 1،562 اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں جن میں آگ بجھانے والے عملے کے 490 اہلکار اور 455 پولیس افسران شامل ہیں۔
اس حادثے کو جنوبی کوریا کی تاریخ کے مہلک فضائی حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم اس سے قبل 2002 میں ایئر چائنا کا جہاز حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں 129 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہاپ کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ تو اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ موسم کی خرابی یا شاید کوئی پرندہ جہاز سے ٹکریا ہے جس کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی ہوئی اور حادثہ پیش آیا۔
جیجو ائیر کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟
جیجو ایئر کا دعویٰ ہے کہ وہ جنوبی کوریا کی قدرِ سستی ایئر لائن ہے۔ اس ایئر لائن نے سنہ 2005 میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور اس کے ملازمین کی تعداد تقریباً 3،000 ہے۔
جیجو ایئر لائینز کی پروازیں جنوبی کوریا کے علاوہ ایشیا بشمول جاپان، چین، فلپائن اور تھائی لینڈ تک جاتی ہیں۔
جنوری 2024 تک جیجو ایئر لائن کے پاس 42 طیارے تھے جن کی مدد سے اس کی پروازیں 44 شہروں تک جاتی ہیں۔